CONTACT US
The Watan International
2010-03-08 03:34:47
پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز نہیں سمجھتے،مسئلہ کشمیر برصغیر کا ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے‘ برطانیہ
پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ برطانیہ پاکستان کو دہشت گردی کا گڑھ یا مرکز سمجھتا ہے۔ مسئلہ کشمیر برصغیر کا ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے۔پاکستان اور بھارت کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق یہ مسئلہ حل کرنا چاہئے۔ برطانیہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنے طور پر کوئی کردار ادا نہیں کر سکتا کیونکہ پاکستان اور بھارت آزاد ممالک ہیں اور برطانیہ امپائر نہیں ہے۔ ایک انٹرویو میں ایڈم تھامسن نے کہا کہ پاکستان کے اندر چند گروپ دہشت گردی کر رہے ہیں۔ دہشت گردی پاکستان کے لئے ایک بڑا اور حقیقی مسئلہ ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کو یہ مسئلہ کو حل کرنا ہو گا تاہم عالمی برادری اور خود برطانیہ بھی اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس حوالے سے پاکستان کی بھرپور حمایت کی جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ افغانستان اور عراق میں جنگ کی وجہ سے پاکستان کے عوام کی نظر میں برطانیہ کے تصور کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دور میں اس امیج کو بہتر بنانے کے لئے کام کریں گے اور انہیں یقین ہے کہ یہ تصور بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت سی اقدار مشترک ہیں ان کی مدد سے برطانوی امیج کو ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی طلبہ کو ویزوں کے اجرا میں تاخیر اور جن طلبہ کا مالی نقصان ہوا ہے ان کے بارے میں ایک سوال پر ایڈم تھامسن نے کہا کہ انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ پاکستان کے طلبہ کے ویزوں کے اجرا میں تاخیر ہوئی ہے تاہم انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ اس سے ہزاروں طالبعلم متاثر ہوئے ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کا ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ برطانیہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنے طور پر کوئی کردار ادا نہیں کر سکتا کیونکہ پاکستان اور بھارت آزاد ممالک ہیں اور برطانیہ امپائر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا چاہئے۔
 
watan news

All rights reserved. Reproduction or misrepresentation of material available on this web site in any form is
infringement of copyright and is strictly prohibited

Copyright © 2010-11 The Watan International! Inc. Designed & Hosted By:  2-Xperts