CONTACT US
The Watan International
2010-03-10 04:03:25
اسرائیل کو ایران کے بارے میں اوباماکی پالیسی پراعتماد ہے:شمعون پیریز
امریکا کے نائب صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ امریکا کی ثالثی میں امن مذاکرات کی بحالی کے بعد خطے میں امن قائم کرنے کے لیے کوششیں کریں. انہوں نے یہ بات منگل کومقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی صدر شمعون پیریز سے ملاقات کے بعد کہی ہے. وہ سوموار کو علاقے کے دورے پر پہنچے تھے.جوبائیڈن صدربراک اوباما کی انتظامیہ کے سب سے سنئیر عہدے دار ہیں جو اسرائیل کا دورہ کررہے ہیں. انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان صہیونی ریاست کی سکیورٹی کے معاملے پرموقف میں کوئی فرق نہیں ہے. جوبائیڈن ایسے وقت میں اسرائیل کا دورہ کررہے ہیں جب فلسطینیوں اور اسرائیل نے اسی ہفتے مشرق وسطیٰ کے بارے میں امریکی صدر کے نمائندے جارج میچل کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد سواسال کے وقفے کے بعد امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے سے اتفاق کیا ہے.تاہم ان مذاکرات کے بارے میں ان شکوک وشبہات کا اظہارکیا جارہا ہے کہ ان کی کامیابی کے امکانات کم ہی ہیں. انہوں نے اسرائیلی صدر کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ''میرے خیال میں اس وقت ہمارے پاس حقیقی موقع موجود ہے''.جوبائیڈن بدھ کو مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں فلسطینی قیادت سے بات چیت کرنےوالے ہیں. امریکی نائب صدرکا کہنا تھا کہ یہ بات اسرائیلی اور فلسطینی عوام کے مفاد میں ہے کہ وہ باہمی اختلاف کے بجائے آپس میں مل بیٹھیں.لیکن دوسری جانب بیشتر اسرائیلیوں کو فلسطینیوں کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ انہیں اس بات میں دلچسپی ہے کہ امریکی نائب صدر ایران کے جوہری پروگرام کے تنازعے پر کیا پیغام دیتے ہیں. اسرائیل کے انتہا پسند وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے گذشتہ روز ہی مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی مسیحیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ براہ راست بات چیت کے خواہاں ہیں لیکن ہمارے مستقبل کے حوالے سے سب سے بڑا یہ چیلنج درپیش ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے سے کیسے روکا جائے. اسرائیلی سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن اسرائیل پر یہ بات واضح کرنے کی کوششیں کریں گے کہ صدراوباما اسرائیل یا کسی اور ملک کی جانب سے ایران کے جوہری تنازعے پر اس کے خلاف فوجی کارروائی کے حق میں نہیں.بلکہ امریکا ایران پر پابندیوں کے ذریعے اسے جوہری پروگرام سے دستبردار کرانا چاہتا ہے. اسی لیے نیتن یاہو نے اسرائیل کی تیل اور گیس کی تجارت پرایک مرتبہ پھر سخت پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے. بائیڈن نے کہا کہ ہماری انتظامیہ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ایران بین الاقوامی سطح پر تنہا ہوگیا ہے اور اس کے بہت تھوڑے دوست رہ گئے ہیں.اسرائیلی صدر کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ ہمیں ایران کے بارے میں صدراوباما پراعتماد ہے.انہوں نے کہا کہ ایران کے میزائل اور جوہرے خطرے سے اسرائیل کو بچانے کے لیے تہران کا مکمل طور پر گھیراٶ کیا جائے. ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی حقیقی طور پریہ بات نہیں جانتا کہ ایران کیا کررہا ہے.واضح رہے کہ اسرائیل اور اس کے پشتی بان امریکا کا کہنا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کررہا ہے جبکہ ایران اس الزام کی تردید کرتا چلا آرہا ہے
 
watan news

All rights reserved. Reproduction or misrepresentation of material available on this web site in any form is
infringement of copyright and is strictly prohibited

Copyright © 2010-11 The Watan International! Inc. Designed & Hosted By:  2-Xperts